بنگلورو،6؍نومبر (ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے صحت و خاندانی بہبود اور میڈیکل تعلیم ڈاکٹر کے سدھاکر نے آج کہا کہ 3 لاکھ افسران اور ملازمین کی موجودگی والا محکمہ صحت اور میڈیکل تعلیم 6کروڑ کنڑی گاس کی صحت کا تحفظ کرنے مزید بہتر طریقہ سے اقدامات کے ذریعہ ترقی پرور کرناٹک کو صحت مند کرناٹک بنایا جائے گا۔
راجیو گاندھی ہیلتھ سائنسس یونیورسٹی میں منعقدہ کنڑا راجیہ اتسوا تقریب میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست میں اب محکمہ صحت کو میڈیکل تعلیم کے ساتھ جوڑ دیا گیا ہے۔محکمہ صحت کے ڈھائی لاکھ ملازمین اور میڈیکل تعلیم کے 30تا 40ملازمین متحد ہو کر کنڑی گاس کی صحت کا تحفظ کریں گے۔دونوں محکموں کے کل تین لاکھ ملازمین ریاست کے چھ کروڑ لوگوں کی صحت کی حفاظت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عام طور پر یہ تصور ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں معیاری علاج نہیں ہوتا، بلکہ نجی اسپتالوں ہی میں معیاری علاج ہوتا ہے۔ ہم محکمہ کے اسٹاف کی مدد سے اس تصور کو دور کرکے سرکاری اسپتالوں میں بھی مریضوں کے معیاری علاج کوممکن بنائیں گے۔